Get Alerts

پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کا آغاز، پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کا آغاز، پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد :  سعودی عرب سے فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی پرواز پی کے 732 جدہ سے روانہ ہو کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی، جہاں حاجیوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے حاجیوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر محکمہ حج، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

حجاج کرام نے وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حج کے دوران انہیں عمدہ سہولیات فراہم کی گئیں، جس کے لیے وہ حکومتِ پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت پاکستان نے اپنے حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔ سعودی حکومت کے تعاون سے عازمین حج کو ہر ممکن آسانی مہیا کی گئی۔" انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ سال حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ "یہ ہمارا دینی اور قومی فریضہ ہے کہ عازمین حج کو عبادت کی ادائیگی میں مکمل سہولت اور مدد فراہم کریں۔"
حج سے واپسی کا یہ سلسلہ اسلام آباد کے بعد آئندہ دنوں میں لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں تک پھیلے گا، جہاں سے پاکستانی حجاج وطن واپس لوٹیں گے۔

ٹیگز: