Get Alerts

ایران سے معاہدے میں پیش رفت نہ ہونے پر ٹرمپ نے حملوں کا حکم دیا، امریکی میڈیا کا دعویٰ

ایران سے معاہدے میں پیش رفت نہ ہونے پر ٹرمپ نے حملوں کا حکم دیا، امریکی میڈیا کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے میں پیش رفت نہ ہونے پر مایوسی کے بعد حالیہ حملوں کی منظوری دی۔ امریکی ویب سائٹ کی رپورٹ میں دو سینئر امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ٹرمپ گزشتہ دو ہفتوں سے امریکی تجاویز پر ایران کی جانب سے جواب نہ ملنے پر سخت مایوس تھے۔

رپورٹ کے مطابق اپاچی ہیلی کاپٹر کی تباہی حملوں کا فوری سبب بنی، تاہم اصل پس منظر ایران کے ساتھ تعطل کا شکار مذاکرات تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی گئی کہ ایران میں جانی نقصان کم سے کم ہو اور ممکنہ معاہدے کی راہ مکمل طور پر بند نہ ہو۔

امریکی حکام کے مطابق کارروائی سے قبل ایران کو آگاہ کر دیا گیا تھا کہ حملوں کا ہدف صرف فوجی تنصیبات اور عسکری اہداف ہوں گے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ واشنگٹن نے عسکری کارروائی سے پہلے سفارتی سطح پر معاہدے کے لیے بھرپور کوششیں کیں، تاہم مطلوبہ پیش رفت نہ ہونے پر حملوں کا فیصلہ کیا گیا۔

امریکی انتظامیہ کی جانب سے ان دعوؤں پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم رپورٹ نے حالیہ کشیدگی کے پس منظر پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

ٹیگز: