Get Alerts

فیلڈ مارشل سے ترک آرمی چیف کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی پر گفتگو

فیلڈ مارشل سے ترک آرمی چیف کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی پر گفتگو

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک ترک دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جس کا اعادہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکیل نے ملاقات کی، جنہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات میں باہمی دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بحری سیکیورٹی کی علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

اسی طرح ترک کمانڈر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک ترک فضائی اور عسکری تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

دونوں ممالک کی افواج نے روابط کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ملاقاتوں میں علاقائی امن، استحکام اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی مشاورت بھی کی گئی۔
 

ٹیگز: