راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم آگیاپانگ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر مہمان عسکری سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے فوجی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بات چیت میں انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مشترکہ تربیت اور دفاعی پیداوار کے حوالے سے تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی۔
گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
مزید برآں گھانا کے قومی سلامتی کے کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں، جس میں گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بھی موجود تھے۔