'ماضی کی بجائے نئے نقطہ نظر سے پاکستان کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے'

'ماضی کی بجائے نئے نقطہ نظر سے پاکستان کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے'

واشنگٹن: پاکستانی سفیرا عزاز چودھری نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے متعلق منفی تاثرات ماضی کا قصہ ہیں۔ نئے نقطہ نظر سے پاکستان کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے اقتصادی اور سکیورٹی کے محاذ پر زبردست پیشرفت کی ہے۔

اعزاز چودھری نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔ پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ افغانستان میں امن خطے کے امن کے ساتھ مشروط ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ڈان لیکس، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان معاملات طے پا گئے

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی مل کر کام کرتے رہیں گے۔ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورت حال کے باعث امریکا سمیت مختلف ملکوں سے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ مہینے اعزاز چودھری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاوس میں سفارتی اسناد پیش کیں۔ انہوں نے پاک امریکی تعلقات کی بہتری کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت اور عوام  7دہائیوں پر مشتمل دوستانہ تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نواز شریف کے بارے میں بھی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں