اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری اور زدوکوب کرنے سے پیدا ہونے والی ملک کی موجودہ صورتحال پر شدید پریشان ہوں ۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا، باعث تشویش، افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے ۔ احتجاج پاکستان کے ہر شہری کا آئینی حق ہے لیکن اسے ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ کچھ شرپسندوں نے جس طرح سے سرکاری املاک بالخصوص سرکاری اور فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ ہمیں جبر اور گرفتاریوں کے بجائے دوبارہ سوچنا چاہیے اور سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے ۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں نے سیاسی اور عسکری قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے اور امید کرتا ہوں کہ حالات بہتر ہوں گے۔ میں ملک کے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی پرزور اپیل کرتا ہوں۔