وانا: کیڈٹ کالج وانا پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی کے نتیجے میں اب تک 350 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام کیڈٹس محفوظ ہیں اور کالج میں موجود دیگر 300 کے قریب افراد کی حفاظت کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان خوارج کالج کی ایک عمارت میں چھپے ہوئے ہیں جو کیڈٹس کی رہائش سے دور ہے، اور حملہ آور ٹیلیفون کے ذریعے ہدایات حاصل کر رہے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک کر دیے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر فیصلہ کن کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
گزشتہ روز دہشتگردوں نے کالج کے مرکزی گیٹ سے ایک بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں گیٹ منہدم ہوا اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، اور تمام کیڈٹس اور عملے کی جانیں محفوظ رکھنے کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے زور دیا کہ آپریشن نہایت احتیاط اور حکمت عملی کے ساتھ انجام دیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔