Get Alerts

 آج ہمارے لیے عید کا دن ،خواب ہے ہر بچہ ایسا رول ماڈل بنے جسے دیکھ کر لوگ متاثر ہوں:پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

 آج ہمارے لیے عید کا دن ،خواب ہے ہر بچہ ایسا رول ماڈل بنے جسے دیکھ کر لوگ متاثر ہوں:پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

ہمارا مقصد صرف کامیاب پیشہ ور نہیں، بلکہ بہتر انسان تیار کرنا ہے، ایلومنائی صرف سابق طلبہ نہیں، ہمارے اپنے بچے ہیں: چیئرمین سپیریئر گروپ

لاہور:چیئرمین سپیریئر گروپ، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ سپیریئر یونیورسٹی صرف تعلیم کا ادارہ نہیں بلکہ ایک مشن ہے، جس کا مقصد طلبہ کو کامیاب، باکردار اور رول ماڈل افراد کے طور پر تیار کرنا ہے۔ وہ سپیریئر یونیورسٹی ایلومنائی ری یونین 2025 کے موقع  پر خطاب کر رہے تھے جس میں طلبہ، اساتذہ، اور ایلومنائی کی بڑی تعداد شریک تھی۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاآج کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے، آج ہم اپنے ان بچوں کو دوبارہ خوش آمدید کہتے ہیں جو سپیریئر یونیورسٹی کا فخر ہیں۔ یہ یونیورسٹی آج اپنے طلبہ کو بانہیں کھول کر خوش آمدید کہتی ہے۔ اس کے در و دیوار آپ کا انتظار کر رہے تھے۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان نے اپنے سابقہ طلبہ (ایلومنائی) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لیے عید کا دن ہے، کیونکہ ہمارے ایلومنائی ہمارے لیے صرف سابق طلبہ نہیں، ہمارے اپنے بچے ہیں۔ دنیا کے 37 ممالک میں ہمارے تقریباً 50 ہزار ایلومنائی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو ہمارے مشن کی کامیابی کا ثبوت ہیں۔"

تقریر کے دوران انہوں نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو سب سے بڑا اور کامل رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا سپیریئر یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق اگر دنیا کا سب سے کامیاب رول ماڈل کوئی ہے، تو وہ ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ ہیں۔ آپ کو نبوت سے پہلے ہی صادق اور امین کہا جاتا تھا۔ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ہم نبی کریمؐ کے راستے پر چلیں، کیونکہ ان کے پاس سب سے بڑی طاقت ’یقین‘ کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم یہ بھول چکے ہیں کہ بچوں کو ڈاکٹر، انجینئر یا بزنس مین بنانے سے پہلے بہتر انسان بنانا ضروری ہے۔ جھوٹ بولنے والا شخص مسلمان نہیں ہو سکتا۔ ہمیں سچ، ایمانداری، صبر، شکر اور برداشت کو مضبوطی سے تھامنا ہو گا۔"
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صرف ذاتی کامیابی کے بجائے معاشرتی ترقی کو بھی اپنا مقصد بنائیں۔ انہوں نے کہا "ہمارا خواب ہے کہ ہر بچہ ایک ایسا رول ماڈل بنے جسے دیکھ کر لوگ متاثر ہوں، سیکھیں، اور اپنی زندگی میں بہتری لائیں۔"

انہوں نے ایلومنائی کو "میرے سپر ہیروز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "میرے یہ سپر ہیروز نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، اور سپیریئر یونیورسٹی ملک کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔"تقریر کے آخر میں پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اپنی ذاتی جدوجہد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا "میں ڈائریکٹر سپیریئر گروپ چوہدری عبدالخالق کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے اُس وقت حوصلہ اور ہمت دی جب میں کچھ بھی نہیں تھا۔ آج جو کچھ ہوں، اُن کی دعاؤں اور اعتماد کی بدولت ہوں۔

ٹیگز: