کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ لسانی سیاست سے بچنا چاہیے کیونکہ قوم نے پہلے ہی اس کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان سیلاب سے متاثر ہے اور اس صورتحال میں بلاوجہ تنقید کرنے کی بجائے غلطیوں کی نشاندہی کر کے مل کر کام کرنا چاہیے۔
کراچی میں مزارِ قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی جدوجہد کا نتیجہ ہے اور اب ہمیں ان کے اصولوں یعنی ایمان، اتحاد اور قربانی کو اپنانا ہوگا تاکہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔
انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے ملک کے دفاع اور ایٹمی پروگرام میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کا جواب پوری قوم اور افواجِ پاکستان نے یکجہتی کے ساتھ دیا ہے، جو ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور اسرائیل کی جارحیت کی سخت مذمت کی اور کہا کہ مسلم دنیا کی یکجہتی سے اسرائیل ضرور ناکام ہوگا۔
سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سندھ سمیت ملک کے تمام علاقے متاثر ہوئے ہیں، اور حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کی حفاظت اور بیراجوں و بندوں کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے عوام خصوصاً کچے کے علاقوں میں رہنے والوں سے کہا کہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانوں کا نقصان نہ ہو۔
مراد علی شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے فوری ریلیف فراہم کرنے، زرعی اور ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے، اور عالمی سطح پر امداد کی فلیش اپیل کرنے کے احکامات کا ذکر بھی کیا۔
کراچی میں اربن فلڈنگ پر تنقید کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد افواہیں پھیلانے والے ‘برساتی مینڈک’ نکل آئے ہیں، جو بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں، اور ایسے عناصر کو لسانی یا سیاسی اختلافات کو ہوا دینے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور منتخب نمائندے بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔ اگرچہ کوتاہیاں ہوتی ہیں، مگر ان پر کام کیا جا رہا ہے، اور غلط افواہوں کو روکنا ضروری ہے۔
مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور لوگوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔