اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں اظہارِ یکجہتی کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر دوحہ پہنچ گئے۔
دوحہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ مملکت برائے دفاع، عزت مآب شیخ سعود بن عبد الرحمن بن حسن الثانی نے وزیراعظم پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اس دورے کے دوران قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے، جس میں اسرائیل کی جانب سے قطر پر حالیہ بلاجواز جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات چیت کی جائے گی۔
ملاقات کے دوران خطے میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیوں، مشرق وسطیٰ میں امن کے خطرات، اور بین الاقوامی برادری کے ردعمل پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم قطری قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو باہمی اعتماد، مشترکہ عقائد اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک مختلف علاقائی اور عالمی چیلنجز کے مقابلے میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔