Get Alerts

بجلی کی طلب میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، پاور سیکٹر کی لاگت کم کریں گے: اویس لغاری

بجلی کی طلب میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، پاور سیکٹر کی لاگت کم کریں گے: اویس لغاری

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بجلی کی طلب بڑھانے، پاور سیکٹر کی لاگت کم کرنے اور دستیاب پیداواری صلاحیت کے مؤثر استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں الیکٹرک گاڑیوں، زراعت، ڈیٹا سینٹرز اور صنعتی شعبے میں بجلی کے استعمال کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان بزنس کونسل کے مطابق آئندہ 5 سے 7 سال میں بجلی کی طلب میں 45 ٹیرا واٹ آور تک اضافہ ممکن ہے، جس سے فکسڈ کیپیسٹی لاگت زیادہ یونٹس پر تقسیم ہونے کے باعث بجلی کی مجموعی لاگت کم ہوسکتی ہے۔

 وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی طلب میں اضافہ اور پاور سیکٹر کی لاگت میں کمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت صارفین پر غیر ضروری مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ 2 کروڑ 10 لاکھ صارفین کو 40 سے 50 فیصد تک سبسڈی حاصل ہورہی ہے، جبکہ حکومت کراس سبسڈی کا بوجھ کم کرکے پاور سیکٹر کو مزید پائیدار بنانا چاہتی ہے۔ گزشتہ دو سال میں ڈسکوز کے نقصانات میں کمی سے 265 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔

 اویس لغاری کے مطابق ٹائم آف یوز ٹیرف کے ذریعے صنعتی شعبے کو اضافی بجلی کم نرخوں پر فراہم کی جاسکے گی، جس سے صنعتی شعبے میں بجلی کی طلب بڑھانے میں مدد ملے گی۔ کم ترین لاگت کے اصول سے انحراف کرنے والے منصوبوں کی اضافی لاگت صارفین پر منتقل نہیں کی جائے گی۔

 وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ درآمدی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے مطالعات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ مقامی کوئلے کے استعمال سے درآمدی ایندھن پر انحصار اور بجلی کی پیداواری لاگت کم ہونے کی توقع ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں سو فیصد بجلی کی فراہمی کے ہدف کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ پاور سیکٹر میں طلب، لاگت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹیگز: