اسلام آباد / لاہور: بجلی کے صارفین اور عوام کے لیے بڑی خوشخبری؛ پاور سیکٹر کے ملازمین کو ملنے والے مفت بجلی کے یونٹس کی سہولت مستقل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
نمائندہ نیو نیوز، توصیف عباسی کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عوام کی بڑی فتح قرار دیا ہے۔وزیر توانائی اویس لغاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' (ٹویٹر) پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاور سیکٹر کے اہلکاروں کے فری یونٹس ختم کیے گئے ہیں۔ یہ عوام کا سب سے پرانا اور دیرینہ مطالبہ تھا جسے آج قانونی اور عملی جامہ پہنا دیا گیا ہے۔اویس لغاری نے مزید کہا کہ معزز عدالت نے پاور ڈویژن کی جانب سے دائر کی گئی عرضی کو قبول فرما کر انصاف کے تقاضے پورے کیے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس دیرینہ عوامی مطالبے کو پورا کرنے کا اعزاز ہماری حکومت کو عطا فرمایا۔
نیو نیوز اسلام آباد کے نمائندے توصیف عباسی کے مطابق، پاور سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے یہ ایک انقلابی قدم سمجھا جا رہا ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا بلکہ عام صارفین میں پایا جانے والا احساسِ محرومی بھی ختم ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد اب پاور سیکٹر کے تمام ملازمین کو عام شہریوں کی طرح بجلی کے بل ادا کرنے ہوں گے۔حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاور سیکٹر میں شفافیت لانے اور گردشی قرضوں میں کمی کے لیے اٹھائے گئے بڑے اقدامات کا تسلسل ہے۔