اسلام آباد: پاکستان ٹرانسپیرنسی رپورٹ 2026 جاری کردی گئی، جس میں ملک میں احتساب، حکمرانی اور مختلف ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 82 فیصد پاکستانیوں نے ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مسلح افواج پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ 52 فیصد شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت طویل المدتی وژن کے مطابق کام کر رہی ہے، جبکہ 34 فیصد افراد نے پارلیمنٹ کی جانب سے مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے کی کوششوں پر اعتماد ظاہر کیا۔
رپورٹ میں اعلیٰ عدلیہ اور پولیس کے حوالے سے بھی عوامی رائے سامنے آئی۔ 40 فیصد شہریوں نے اعلیٰ عدلیہ پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ 39 فیصد افراد نے پولیس میں جاری اصلاحاتی عمل پر اعتماد ظاہر کیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں احتساب کا ایک جامع نظام موجود ہے، تاہم مالیاتی شفافیت اور ادارہ جاتی کارکردگی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ رپورٹس میں مختلف سرکاری اداروں میں 224 ارب روپے کی مالی بے قاعدگیاں سامنے آنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ آڈیٹر جنرل پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ پر مختلف برسوں کی آڈٹ رپورٹس اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق دستاویزات بھی دستیاب ہیں۔