ایران کی دہشت گردی کےخلاف جنگ کے لئے مسلم بلاک بنانے کی تجویز

ایران کی دہشت گردی کےخلاف جنگ کے لئے مسلم بلاک بنانے کی تجویز

تہران: ایران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھنے اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مسلم ممالک کا بلاک بنانے کی تجویزپیش کی ہے، جس میں ایران کا علاقائی حریف سعودی عرب بھی شامل ہوگا۔
سیکیورٹی کانفرنس کے دوران ایران کے پارلیمانی اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ ’ترکی، مصر، عراق اور پاکستان کے ساتھ ساتھ ایران اور سعودی عرب کو بھی اسلام کی بنیاد پر علاقائی امن کو فروغ دینے، فلسطینی عوام کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف لڑنے اور اقتصادی مفادات کو فروغ دینے کے لیے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا چاہیے۔
سعودی عرب اور ایران ناصرف ایک دوسرے کے علاقائی حریف ہیں بلکہ شام اور یمن میں جاری خانہ جنگی میں مخالف فریقین کی حمایت کرتے ہیں۔
ایرانی پارلیمانی اسپیکر کا مزید کہا کہ ’ایران خطے میں اپنی سلطنت یا قیادت قائم کرنے کی خواہش نہیں رکھتا، بلکہ ہمارے نقطہ نظر کا مقصد باہمی اتحاد کو فروغ دینا ہے۔