کیلیفونیا : فیس بک نے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے جس سے صارفین اپنی پروفائل فوٹوز کو متحرک یا انیمیٹ کر سکتے ہیں۔ میٹا نے اے آئی پر مبنی اس فیچر کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے آپ اپنی پروفائل فوٹو کو چند سیکنڈز میں مختلف انیمیشنز میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
میٹا کے بیان کے مطابق، صارفین کو پہلے سے پری سیٹ انیمیشنز جیسے نیچرل، پارٹی ہیٹ، ویو، ہارٹ، اور کنفیٹی کے آپشنز ملیں گے تاکہ پروفائل فوٹو کو مزید دلچسپ اور جاندار بنایا جا سکے۔ مستقبل میں مزید انیمیشن آپشنز کا اضافہ بھی متوقع ہے تاکہ ہر صارف اپنی پسند کے مطابق پروفائل فوٹو کو انیمیٹ کر سکے۔
اسی طرح، فیس بک نے ایک اور نیا فیچر "ری اسٹائل" بھی متعارف کرایا ہے، جس میں اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی اسٹوریز میں تصاویر کو بدل کر انہیں خاکوں یا کارٹونز میں تبدیل کر سکیں گے۔ اس فیچر کے لیے بھی مختلف پری سیٹ آپشنز دستیاب ہوں گے، اور صارفین اپنی تصاویر کو تحریری ہدایات کے ذریعے اپنی پسند کے مطابق تبدیل کر سکیں گے۔