لاہور : صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے سپیریئر فیسٹ 2026 کے رنگا رنگ میلے میں شرکت کی اور سپیریئر گروپ کی تعلیمی و ثقافتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ قومی یکجہتی کا مظاہرہ: وزیرِ تعلیم نے خصوصی طور پر طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب پنجاب کی بیٹیاں پختون ثقافتی لباس پہن کر اسٹیج پر آئیں تو انہوں نے ثابت کر دیا کہ ہم ایک قوم ہیں۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ انٹرپرینیورشپ اور معیاری تعلیم کے شعبوں میں سپیریئر گروپ کا کوئی مقابلہ نہیں، یہ ادارہ نوجوانوں کو نوکری مانگنے والا نہیں بلکہ نوکری دینے والا بنا رہا ہے۔انہوں نے سپورٹس گالا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "کھیل ہمیں سکھاتے ہیں کہ ہارنے کے بعد دوبارہ کیسے کھڑا ہونا ہے اور جیت کا راستہ کیسے بنانا ہے۔
صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں اس بات کا اعتراف کیا کہ سپیریئر یونیورسٹی کی تقریبات میں شرکت ان کے لیے ہمیشہ ایک منفرد تجربہ ہوتا ہے کیونکہ یہاں صرف کتابی علم نہیں بلکہ عملی زندگی کے گُر سکھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور قومی اتحاد کے فروغ میں اس ادارے کا کردار قابلِ تقلید ہے۔