لاہور: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی سفر تیزی سے جاری ہے اور حکومت تعلیم سمیت تمام شعبوں میں عوامی فلاح کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی اور عوام کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں، جبکہ تعلیم کے شعبے کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں کے لیے سکالرشپس اور لیپ ٹاپ پروگرام جاری ہیں، جبکہ ہونہار سکالرشپ پروگرام کے لیے آزاد جموں و کشمیر سے 21 ہزار طلبہ کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے طلبہ کے لیے سکالرشپ کوٹہ بھی بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے کے اسکولوں میں بچوں کے داخلوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے تعلیمی معیار میں بہتری آئی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ "ستھرا پنجاب" پروگرام کے تحت گلی محلوں، شہروں اور دیہات میں صفائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ کسانوں اور مزدور طبقے کے لیے بھی مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی پر تنقید کرنے والے اپنے صوبوں کی کارکردگی پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے کئی منصوبوں کو دیگر صوبوں نے بھی اپنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی ترقی کے حوالے سے بحث کرنا چاہتی ہے تو اسے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات پر بات کرنی چاہیے۔