لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فروری میں تاریخی بسنت میلے کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے، جو صرف ضلع لاہور کی حدود میں منایا جائے گا۔ بسنت کے حوالے سے پتنگ سازوں اور فروخت کنندگان کیلئے ڈیجیٹل رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جس میں موصول ہونے والی 530 درخواستوں میں سے 340 کو منظور کر لیا گیا ہے۔
حکومت نے ہدایت کی ہے کہ تمام رجسٹرڈ مینوفیکچررز اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کاروباری مراکز پر نمایاں طور پر آویزاں کریں۔ بسنت کے دوران صرف ’’پِنا‘‘ پر لپٹی سوتی ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی جبکہ چرخی پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے عوام دوست منصوبہ ’’سحر‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت خواتین کو آئی ٹی، ڈریس میکنگ، بیوٹی سمیت مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ موبائل ٹریننگ یونٹس کے ذریعے گھر کی دہلیز پر سہولت دی جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب کابینہ نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد معدنی شعبے میں بہتری اور شفاف نظام کو فروغ دینا ہے۔