دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں ون ڈے کرکٹ کے فارمیٹ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مجوزہ توسیع سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔
کرکٹ سے متعلق ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کا سالانہ اجلاس 8 سے 11 جولائی تک اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں منعقد ہوا، جہاں عالمی کرکٹ کے انتظامی، تنظیمی اور مستقبل سے جڑے متعدد اہم معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ون ڈے میچز کو 50 اوورز سے کم کرکے 40 اوورز تک محدود کرنے کی تجویز زیر بحث آئی، تاہم اس حوالے سے کسی اتفاقِ رائے یا باضابطہ فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں کی تعداد موجودہ تعداد سے بڑھا کر 12 کرنے کی تجویز بھی زیر غور رہی، لیکن اس معاملے پر بھی فیصلہ آئندہ مشاورت تک مؤخر کر دیا گیا۔
آئی سی سی نے اجلاس میں یو ایس اے کرکٹ اور کرکٹ کینیڈا کی معطلی برقرار رکھنے کی منظوری دی، جبکہ فرانس کرکٹ کو نوٹس پر رکھنے کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا۔
دوسری جانب ماریشس کرکٹ فیڈریشن کو آئی سی سی کی ایسوسی ایٹ رکنیت دے دی گئی، جس کے بعد آئی سی سی کے رکن ممالک اور بورڈز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 111 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی کرکٹ میں ممکنہ اصلاحات اور مختلف تجاویز پر مزید مشاورت جاری رہے گی، جس کے بعد اہم معاملات پر آئندہ اجلاسوں میں فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔