دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے عالمی ایونٹس کے فارمیٹس میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے، جن میں ون ڈے ورلڈ کپ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شامل ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 14 سے کم کرکے 12 کرنے کی تجویز کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ 2027 کے ورلڈ کپ میں سپر سیون مرحلہ متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ تبدیلیاں منظور ہو جاتی ہیں تو آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی مقابلوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے۔
ادھر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنانے کے لیے سیمی فائنل مرحلہ شامل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد درمیانی درجہ بندی رکھنے والی ٹیموں کو ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ مؤثر مقابلے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اسی طرح آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موجودہ سپر ایٹ مرحلے کو سپر ٹین میں تبدیل کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فٹ بال کی طرز پر عالمی سطح پر کلبوں کے درمیان ورلڈ کلب ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کے انعقاد پر بھی کام جاری ہے۔
اس کے علاوہ مستقبل میں روایتی دو طرفہ سیریز کے بجائے چار ملکی مختصر ٹورنامنٹس کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور ہے۔