لاہور: معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان فاطمہ کے حوالے سے نئی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق دونوں نے اپنے باہمی اختلافات ختم کرتے ہوئے ازدواجی زندگی دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے تاحال دونوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنی تھی، لیکن شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ بعد ازاں دونوں کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، تاہم خاندانی تنازع ختم ہونے کے بجائے مزید شدت اختیار کر گیا۔
بعد میں رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر طلاق دینے کا اعلان کیا، جبکہ ایمان فاطمہ کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا گیا۔ اس معاملے کے بعد ایمان فاطمہ کے بھائی عون شیخ متعدد مواقع پر اپنی بہن کے حق میں سامنے آئے اور اس تنازع پر کھل کر مؤقف اختیار کیا۔
اب عون شیخ نے ایک نئی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات بہتر ہو گئے ہیں اور رجب بٹ اور ایمان فاطمہ نے اختلافات بھلا کر دوبارہ ساتھ رہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
عون شیخ کے مطابق ان کی والدہ نے انہیں اس معاملے میں مزید مداخلت سے روک دیا تھا اور مشورہ دیا کہ میاں بیوی کو اپنے معاملات خود حل کرنے کا موقع دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی کے بعد حالات میں بہتری آئی اور دونوں نے اپنے رشتے کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا۔
تاہم رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان یا تصدیق جاری نہیں کی گئی۔