واشنگٹن: امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ایران کے خلاف ممکنہ بڑے حملے کی تیاری مکمل کر لی ہے اور اس حوالے سے امریکی حکام کو پیشگی طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل ایران کے اندر ایک وسیع آپریشن کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا مقصد ایرانی جوہری سرگرمیوں کو محدود کرنا ہو سکتا ہے۔ اس خدشے کے پیش نظر امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت جاری کر دی ہے، جب کہ پینٹاگون نے وہاں تعینات فوجی اہلکاروں کے خاندانوں کو رضاکارانہ طور پر علاقہ چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام کو یہ بھی خدشہ ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو ایران جوابی کارروائی میں عراق میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع نے حال ہی میں خبردار کیا تھا کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا، اور خطے میں موجود تمام امریکی اڈے ایران کے نشانے پر ہوں گے۔ ایرانی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ایران کسی بھی جنگ کے لیے مکمل تیار ہے اور دشمن کو کئی گنا زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔