Get Alerts

پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا ، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا: عظمیٰ بخاری

 پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا ، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا: عظمیٰ بخاری

لاہو ر:  صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب، عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے لیے پیش کیا جانے والا پنجاب کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا، جس میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

لاہور میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا  کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت نے تعلیم، صفائی اور عوامی فلاح کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں 16 جون کو پیش ہونے والا بجٹ عوام دوست اور سہولت پر مبنی ہوگا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ نے مختلف محکموں کی طرف سے تجویز کیے گئے اضافی ٹیکسز کو مسترد کر کے عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، مگر موجودہ بجٹ عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالے گا۔

عظمیٰ بخاری نے "ستھرا پنجاب پروگرام" کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے صوبے میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور دیگر صوبے بھی اس ماڈل سے سیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "کام کرنے کے لیے 15 یا 16 سال کی ضرورت نہیں، صرف ایک سال کافی ہوتا ہے۔"

صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال میں محکمہ تعلیم میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت صرف دعوؤں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح اور ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے، اور یہی وژن دوسرے صوبوں کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے۔

ٹیگز: