کراچی :نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب واٹر ٹینکر سے پیش آنے والے حادثے میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے واقعے پر قائم کردہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیم ’کے راٹ‘ نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق، حادثہ نوجوان موٹر سائیکل سواروں کی تیز رفتاری اور بے قابو ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا، جب 20 سالہ زبیر اور 18 سالہ ایان نامی نوجوان تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے اچانک بریک لگنے کے باعث گر پڑے اور پیچھے سے آنے والے واٹر ٹینکر کی زد میں آ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سفید گاڑی نے اچانک بائیں طرف مڑنے کے لیے بریک لگائی، جس کے باعث موٹر سائیکل قابو سے باہر ہو کر گر گئی۔ دونوں نوجوان اسپتال منتقل کیے گئے تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
تحقیقات میں مزید بتایا گیا ہے کہ حادثے کی جگہ پر باقاعدہ یوٹرن نہ ہونے کی وجہ سے شہری خلافِ ضابطہ یوٹرن لیتے ہیں، جو ٹریفک کے مسائل اور حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ ٹیم نے اس مقام پر باضابطہ یوٹرن بنانے کی سفارش کی ہے۔ واٹر ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کر کے پاپوش نگر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔