ابوظہبی : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قصر الشاطی، ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں شیخ طحنون بن زاید، شیخ حمدان بن محمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ترقیاتی شعبوں میں تعاون پر اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور شیخ محمد بن زاید کی عالمی امن و استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی امور پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔