Get Alerts

گورنر سندھ کی تبدیلی پر ایم کیو ایم وفاقی حکومت پر برس پڑی، اتحاد ختم کرنے کی تجویز

گورنر سندھ کی تبدیلی پر ایم کیو ایم وفاقی حکومت پر برس پڑی، اتحاد ختم کرنے کی تجویز

کراچی: سندھ کی سیاست میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کے فیصلے پر ایم کیو ایم پاکستان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاق سے علیحدگی پر غور شروع کر دیا۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی حکومت کے اس اقدام کو اتحادی سیاست کے اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے حکومت کے ساتھ اتحاد ختم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفاق میں حکومت کی ایک اہم حلیف جماعت ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اتنے بڑے فیصلے کا علم ہمیں براہِ راست بتانے کے بجائے میڈیا کے ذریعے ہوا۔
 ایم کیو ایم کا شکوہ ہے کہ وفاقی حکومت نے گورنر کی تبدیلی پر انہیں اعتماد میں لینا گوارا نہیں کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے مطابق یہ ایک قائم شدہ روایت رہی ہے کہ سندھ کا گورنر ایم کیو ایم پاکستان کا ہی نامزد کردہ ہوتا ہے۔
 پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے پر شدید تحفظات پائے جاتے ہیں اور ایم کیو ایم جلد ہی اپنا حتمی لائحہ عمل طے کرے گی جس میں حکومت سے علیحدگی کا آپشن بھی زیرِ غور ہے۔اس صورتحال نے وفاقی دارالحکومت اور کراچی کے سیاسی ایوانوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور مبصرین اسے موجودہ اتحادی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دے رہے ہیں۔

ٹیگز: