ٹرمپ ایک بار پھر صحافیوں کے سوالات پر پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ گئے

ٹرمپ ایک بار پھر صحافیوں کے سوالات پر پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ گئے
کیپشن: سی این این کے چیف میڈیا نمائندے نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو نسل پرستی قرار دے دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر صحافیوں کے سوالات کا سامنا نہ کرسکے اور  انہیں پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر جانا پڑگیا۔امریکی صدر سے سی بی ایس نیوز کی صحافی سوال پوچھ رہی تھیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوال ہی پورا نہیں ہونے دیا اور سی این این کی صحافی کی طرف متوجہ ہوگئے اور ان سے کہا کہ آپ بتائیں آپ کیا پوچھنا چاہتی ہیں۔

امریکی صدر کے اس رویے پر سی این این کی صحافی نے کہا کہ وہ چاہیں گی کہ سی بی ایس کی صحافی ہی کا سوال پہلے پورا سن لیا جائے۔اس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مزید آگ بگولا ہوگئے اور سی این این کی صحافی کی بات کا ٹ دی۔

بعدازاں سی این این کی صحافی نے اپنا سوال پوچھنا شروع کیا تو ٹرمپ نے ان کا سوال بھی نہ سنا اور پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔


سی این این کے چیف میڈیا نمائندے نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو نسل پرستی قرار دے دیا۔ برائن اسٹیلٹر نے کہا کہ صدر ٹرمپ دونوں صحافیوں کے سوالات سننا ہی نہیں چاہتے تھے، یہ نسل پرستی ہے کہ کوئی ایشین امریکی صحافی کی طرف دیکھے اورکہے کہ پوچھ لو چین پر سوال۔ اسٹیلٹر نے کہا صدر ٹرمپ نسلی اقلیت سے تعلق رکھنے والے صحافیوں سے متعصبانہ رویہ اپناتے ہیں۔

خیال رہے کہ ماضی میں صدر ٹرمپ سیاہ فام صحافی اپریل رائن سے طنزیہ  پوچھ چکے ہیں کہ کیا وہ کانگریشنل بلیک کاکس کے سربراہ سے ان کی ملاقات کرواسکتی ہیں۔