Get Alerts

کوکین سپلائی کرنے والی 'پنکی' کی بغیر ہتھکڑی پیشی: آئی جی سندھ برہم، تفتیشی افسر معطل، انکوائری کمیٹی قائم

کوکین سپلائی کرنے والی 'پنکی' کی بغیر ہتھکڑی پیشی: آئی جی سندھ برہم، تفتیشی افسر معطل، انکوائری کمیٹی قائم

کراچی: کراچی میں کوکین  سپلائی کرنے والی بدنام زمانہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کے معاملے پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے سخت ایکشن لے لیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو پیش کیا گیا۔ ملزمہ کے خلاف سندھ نارکوٹکس ایکٹ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔    سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کی جانب سے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔    عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر سے 14 روز میں کیس کا چالان طلب کر لیا ہے۔ملزمہ کو پروٹوکول کے ساتھ بغیر ہتھکڑی عدالت لانے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
واقعے میں غفلت برتنے والے متعلقہ تفتیشی افسر اور عملے کو فوری طور پر معطل کر کے گارڈن ہیڈ کوارٹر ساؤتھ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ معاملے کی شفاف تحقیقات اور متعلقہ افسران کے کردار کے تعین کے لیے ایک سینئر افسر پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے واضح کیا ہے کہ کراچی پولیس کے تمام افسران و اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ  قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ کسی بھی ملزم کو غیر قانونی رعایت دینے والوں کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

ٹیگز: