اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
وزیراعظم نے پاک فوج کی جانب سے اشتعال انگیزی کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کا نہ صرف جواب دیا بلکہ ان کی متعدد پوسٹس کو تباہ کر کے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک فوج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ "ہم ملک کے ہر چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں، اور پاک فوج نے ہمیشہ بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔"
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی یاد دلایا کہ پاکستان نے کئی بار افغانستان کو وہاں موجود دہشت گرد گروپوں، جیسے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے بارے میں آگاہ کیا ہے، جو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان نگران حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔