Get Alerts

انگور اڈہ پر افغان طالبان کی اشتعال انگیزی: پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، متعدد افغان پوسٹیں تباہ

انگور اڈہ پر افغان طالبان کی اشتعال انگیزی: پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، متعدد افغان پوسٹیں تباہ

راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر واقع انگور اڈہ زلول خیل سیکٹر میں افغان فورسز کی جانب سے اشتعال انگیزی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کا پاک فوج نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق، سرحد پار سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی جسے پاک فوج کے جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنا دیا۔ دراندازی میں ناکامی کے بعد افغان طالبان نے غصے میں آ کر سرحد پار سے پاکستانی سول آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
 افغان فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 شہری شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پاک فوج نے دفاعِ وطن کا حق استعمال کرتے ہوئے افغان اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے افغان فورسز کی کئی اہم پوسٹیں زمین بوس ہو گئیں۔
 سکیورٹی فورسز نے علاقے میں اپنی پوزیشنیں مزید مضبوط کر لی ہیں اور دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
انگور اڈہ اور زلول خیل کے مکینوں نے افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔  اہل علاقہ نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دشمن کی ایسی بزدلانہ حرکتوں کا فیصلہ کن جواب دیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی کو پاکستانی شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی جرات نہ ہو۔

ٹیگز: