Get Alerts

ژوب سیکٹر میں پاک فوج کی بڑی جوابی کارروائی؛ افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں تباہ، بھاری اسلحہ برآمد

ژوب سیکٹر میں پاک فوج کی بڑی جوابی کارروائی؛ افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں تباہ، بھاری اسلحہ برآمد

راولپنڈی / ژوب : پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی اشتعال انگیزی اور فتنہ الخوارج کے خلاف پاک افواج کی مؤثر جوابی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ژوب سیکٹر میں سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے افغان طالبان کی اہم پوزیشنوں کو نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے انتہائی مہارت اور قوت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی پوسٹ نمبر 2 اور 3 کو تباہ کر دیا۔ پاک فوج کے بھرپور حملے اور شدید دباؤ کے باعث افغان طالبان اپنی پوسٹیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
کامیاب آپریشن کے بعد پاک فوج نے افغان طالبان کے زیرِ قبضہ پوزیشنوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ تلاشی کے دوران ان ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی ساز و سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت یا دہشت گردی کی کوشش کا جواب پوری طاقت سے دیا جائے گا۔ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک سرحدی استحکام مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتا۔

ٹیگز: