Get Alerts

پاک فوج نے بہادری سے دہشتگردوں کےٹھکانے تباہ کیے،دنیا ہماری سیاسی اور عسکری قوت کو تسلیم کرچکی ہے، رانا ثناء اللہ

پاک فوج نے بہادری سے دہشتگردوں کےٹھکانے تباہ کیے،دنیا ہماری سیاسی اور عسکری قوت کو تسلیم کرچکی ہے، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو میثاق پاکستان پر بات کرنے اور ایک جٹ ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں داخلی استحکام کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے اور پاکستان کو اتحاد کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ "آج ہمیں داخلی استحکام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں، قائدین اور پارلیمنٹیرینز کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور میثاقِ پاکستان پر سر جوڑ کر بیٹھیں۔" انہوں نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیانیے پر قائم رہتے ہوئے بھی "آج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں" اور شہداء کے خون کو عزت دیں۔

رانا ثناء اللہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کی مسلح افواج نے افغانستان سے آپریٹ ہونے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔"

مشیرِ وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ وہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں، اور کسی بھی ممکنہ اختلافات کے باوجود "پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنے وطن کی سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں۔"

انہوں نے غزہ مارچ کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ احتجاج شہداء کے نام پر مؤخر یا ختم کر دینا چاہیے، کیونکہ غزہ کے مسئلے کا حل سفارتی طریقے سے نکل رہا ہے۔ سینیٹر نے کہا: "اگر غزہ کے لیے آپ کا احتجاج ہے تو اسے شہداء کی قربانیوں کے احترام میں مؤخر کردیں۔"

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلح افواج کی حالیہ کارروائی افغانستان سے پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ضروری تھی۔ انہوں نے کہا: "ہم کسی قیمت پر اپنے ہمسایہ ملک کو پاکستان کی سرزمین کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔"

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے سب کو ایک صفحے پر آنا ضروری ہے۔ "تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے تاکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قوت مزید مستحکم ہو سکے۔"

ٹیگز: