اسلام آباد: پاکستان میں حالیہ سیلاب اور مون سون کی تباہ کاریوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے برطانیہ نے 30 لاکھ پاؤنڈ کی فوری ہنگامی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، اور سیلاب متاثرین کے لیے تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ برطانیہ متاثرہ علاقوں میں مکمل تعاون فراہم کرے گا اور مستقبل میں انسانی ہمدردی کی مزید معاونت جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بروقت امداد اور یکجہتی کے اظہار پر برطانوی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔