نیویارک: اقوام متحدہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے 6 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کی ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ گزشتہ 10 روز کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب سے 400 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 190 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور انہیں پناہ گاہوں، طبی امداد اور نقد معاونت کی ضرورت ہے۔ 26 جون سے جاری مون سون بارشوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور صورتحال سنگین ہے۔
مقامی حکام کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 798 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔
یو این ایجنسیز، مقامی حکام اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔