اسلام آباد : ملک بھر میں جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ 14 اگست کو شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں عوام کے لیے خصوصی تقریبات اور دفاعی سازوسامان کی شاندار نمائش کا انتظام کیا گیا ہے۔
تقریباً صبح 10 بجے سے پریڈ گراؤنڈ کے دروازے کھول دیے جائیں گے تاکہ شہری پاکستان کی دفاعی طاقت اور فوجی مہارت کو قریب سے دیکھ سکیں۔ نمائش میں معرکہ حق کے دوران استعمال ہونے والے مختلف جنگی ہتھیار، طیارے، ٹینک، توپیں، راکٹ لانچر، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر سازوسامان شامل ہیں۔
نمائش میں وہ ریڈارز بھی رکھے گئے ہیں جنہوں نے معرکہ حق میں اہم کردار ادا کیا۔ پاک فضائیہ کی طرف سے فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کے بھی شاندار مظاہرے ہوں گے۔ ساتھ ہی مختلف سٹالز، ثقافتی پروگرامز اور فوجی بینڈز اپنی پرفارمنس سے جشن کو چار چاند لگائیں گے۔ فوجی بینڈز کی ملی نغموں پر مشتمل دھنیں عوام میں حب الوطنی کے جذبے کو بڑھائیں گی۔
یہ دفاعی نمائش نہ صرف پاکستان کی فوجی طاقت اور جدید ٹیکنالوجی سے عوام کو آگاہ کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ ہر شہری کو آزادی کے اس خاص دن کو جوش و خروش کے ساتھ منانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔