Get Alerts

انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2025 منظور، گرفتار مشتبہ افراد کی حراست میں توسیع

انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2025 منظور، گرفتار مشتبہ افراد کی حراست میں توسیع

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے 2025 کا نیا بل منظور کر لیا، جس کے تحت مشتبہ افراد کی حراست کی مدت 3 ماہ سے بڑھا کر 6 ماہ تک کی جا سکے گی، تاہم اس کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی منظوری درکار ہوگی۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں کثرت رائے سے بل منظور کیا گیا، جبکہ اپوزیشن نے بل کی شدید مخالفت کی اور ایوان میں نعرے بازی بھی کی۔

بل کے مطابق مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ملک دشمن سرگرمیوں، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور امن و امان کو خطرے میں ڈالنے والے افراد کو ابتدائی طور پر 3 ماہ اور جے آئی ٹی کی منظوری سے 6 ماہ تک حراست میں رکھ سکیں۔

بل میں دفعہ 11 فور ای کی ذیلی شق ایک میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے مطابق حراست میں لیے گئے مشتبہ افراد کی تحقیقات ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کرے گی، جس میں پولیس، خفیہ ادارے، اور سیکیورٹی فورسز کے نمائندے شامل ہوں گے۔