Get Alerts

ملتان میں ’’قوم کی حیات‘‘ شہدا کانفرنس، شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت

ملتان میں ’’قوم کی حیات‘‘ شہدا کانفرنس، شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت

ملتان: پاکستان کسان اتحاد اور سول سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ’’قوم کی حیات‘‘ شہدا کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں کمشنر ملتان، پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر، شہدا کے اہلِ خانہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر شرکا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کے دوران پاک فوج، پولیس اور دورانِ فرائض جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شہدا کے ورثا میں ان کی قربانیوں کے اعتراف کے طور پر یادگاری سووینئرز بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ آج تجدیدِ عہد کا دن ہے، ہمیں دیانت داری اور خلوص کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور پاک فوج دہشت گردی کے خلاف مسلسل برسرِ پیکار ہیں اور قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

سی پی او ملتان نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے سب کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جبکہ مشترکہ کوششوں سے ملتان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔

پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان عظیم خاندانوں کی قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کر سکتی۔ شہدا نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قوم کے لیے لازوال مثال قائم کی۔

کانفرنس میں شہدا کے اہلِ خانہ نے بھی اپنے عزیزوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان سے وابستہ یادیں، جذبات اور احساسات شرکا کے ساتھ شیئر کیے۔

آخر میں شرکا نے وطنِ عزیز کی سلامتی، امن، اتحاد اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

ٹیگز: