اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں یادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں مسلح افواج کے ساتھ سول آرمڈ فورسز کے دستوں نے بھی شرکت کی، جبکہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان پولیس کے دستے بھی تقریب کا حصہ بنے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
مختلف صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے باوقار دستوں نے قومی اتحاد، یکجہتی اور یگانگت کی خوبصورت عکاسی کی۔ یادگارِ فتح کو قومی تاریخ، معرکۂ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں اور عزمِ صمیم کی علامت قرار دیا گیا۔
تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محسن نقوی اور عطا تارڑ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔