کوئٹہ: پاکستان کے معروف اسٹنٹ مین سلطان محمد گولڈن نے آج ایک شاندار کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے نہ صرف ریورس ریمپ جمپ بلکہ تیز ترین ریورس ڈرائیو میں بھی عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
سلطان گولڈن نے ریورس ریمپ جمپ میں 121.72 فٹ کا فاصلہ طے کیا، جبکہ سابقہ ریکارڈ 89 فٹ 3.25 انچ تھا۔
اسی دن، انہوں نے طویل فاصلے تک ریورس ڈرائیو کا بھی ریکارڈ توڑ دیا اور مقررہ فاصلہ صرف 57 سیکنڈز میں طے کیا۔ یہ ریکارڈ امریکی اسٹنٹ مین نے 2022 میں قائم کیا تھا، جو اب سلطان گولڈن کے نام ہو گیا ہے۔
ریکارڈ توڑنے پر شائقین کی جانب سے سلطان گولڈن کو زبردست داد دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے گورنر اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی اور مبارک باد حاصل کی۔
سلطان گولڈن کے اس کارنامے نے پاکستان کے اسٹنٹ اور ایکشن کھیلوں کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔