Get Alerts

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے 13ویں عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے 13ویں عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں 13ویں عام انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 300 نشستوں میں سے 212 پر کامیابی حاصل کر لی ہے، جس سے پارٹی نے حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت حاصل کرلی ہے۔ جماعت اسلامی نے 70 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ نیشنل سٹیزن پارٹی صرف پانچ سیٹیں جیت پائی ہے۔

بی این پی کے سربراہ طارق رحمان نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان بھی اپنی نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ، 7 خواتین بھی بی این پی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئیں۔

وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف نے طارق رحمان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔

بین الاقوامی سطح پر بھی بی این پی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ امریکی سفیر برینٹ ٹی کرسٹینسن نے بھی طارق رحمان کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان مزید قریبی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

الیکشن کمیشن کے چیف ای ایم ایم ناصرالدین نے انتخابات کے شفاف انعقاد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام مراحل میں کوئی دھاندلی یا ہیر پھیر نہیں کی گئی ہے۔

حتمی نتائج کا اعلان ابھی باقی ہے، تاہم بی این پی نے فتح کا دعویٰ کیا ہے اور اس کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ"بنگلہ دیش کے عوام کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔"

بنگلہ دیشی سیاست میں یہ تبدیلی بڑی اہمیت رکھتی ہے، اور عالمی مبصرین کا خیال ہے کہ اس الیکشن کے بعد ملک میں سیاسی استحکام آ سکتا ہے۔

ٹیگز: