پاناما ، ٹرمپ کی پالیسیوں سے پریشان امریکی سفیر نے استعفیٰ دے دیا

پاناما ، ٹرمپ کی پالیسیوں سے پریشان امریکی سفیر نے استعفیٰ دے دیا

پاناما سٹی : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے تنگ آکر پاناما میں تعینات امریکی سفیر جان فیلے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاناما میں تعینات امریکی سفیر جان فیلے نے اپنے استعفے میں لکھا کہ ’میں نے صدر اور اس کی انتظامیہ کے ساتھ سیاسی امور پر ایمانداری کے ساتھ کام کرنے کا حلف اٹھایا ہے، باوجود اس کے کہ میں کچھ پالیسیوں سے اختلاف رکھتا ہوں‘۔جان فیلے نے اپنے استعفے میں مزید لکھا کہ ’میرے استادوں نے مجھے ایک بات سکھائی تھی کہ اگر یقین ہو کہ میں کوئی کام نہیں کر سکتا تو مجھے چاہیے کہ عزت کے ساتھ استعفیٰ دے دوں‘۔
امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان اسٹیو گولڈ اسٹین نے اپنے بیان میں جان فیلے کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جان فیلے نے اپنے فیصلے سے وائٹ ہاوس، امریکی محکمہ خارجہ اور پاناما کی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر رواں برس 9 مارچ کو عہدے سےمستعفی ہو جائیں گے۔اسٹیو گولڈ اسٹین کا کہنا تھا کہ ہر شخص نے اپنی ایک حد مقرر کر رکھی ہوتی ہے، اگر مستعفی ہونے والے سفارتکار کو لگا کہ وہ مزید خدمت نہیں کر سکتا تو انہوں نے بالکل درست فیصلہ کیا اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان کا کہنا ہے کہ پاناما کے سفیر کے مستعفی ہونے کے فیصلے کا ڈونلڈ ٹرمپ کے افریقی ممالک سے متعلق بیان سے کوئی تعلق نہیں تاہم امریکی حکام کی جانب سے سفارتکار کے مستعفی ہونے کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔