'کسی ریلی کو ائر پورٹ کی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا'

'کسی ریلی کو ائر پورٹ کی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا'
کیپشن: ریلی کو روکنے کیلئے ہم نے بھی وہی انتظامات کئے ہیں جو سابقہ حکومت کرتی تھی، جاوید شوکت۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: نگران وزیر داخلہ پنجاب جاوید شوکت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کی اجازت نہیں لی گئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے حد سے زیادہ تجاوز کیا تو ایکشن لیا جائے گا۔ کسی بھی ریلی کو ائر پورٹ کی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت غیر جانبدار ہے اور اس کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں جبکہ ریلی کو روکنے کیلئے ہم نے بھی وہی انتظامات کئے ہیں جو سابقہ حکومت کرتی تھی۔ لاہور ائر پورٹ پر ملازمین اور مسافر ہی جا سکتے جبکہ ائر پورٹ کے اطراف میں باڑ لگی ہوئی کوئی اسے کراس نہ کرے اگر کسی نے کراس کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز کی فلائٹ تاخیر کا شکار

خیال رہے احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچ رہے ہیں اور ان کے استقبال کے لئے لاہور سمیت پنجاب کے مخلتف علاقوں سے مسلم لیگ ن کے کارکن لاہور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

شہباز شریف لوہاری گیٹ سے قافلے کی صورت میں لاہور ایئرپورٹ جائیں گے جب کہ (ن) لیگ کے انتخابی امیدوار مال روڈ اور ریگل چوک پر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں کو باہر نکالنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں ہر ایم این اے اور ایم پی اے ٹکٹ ہولڈر کو ایک حلقہ سے پانچ، پانچ ہزار کارکنوں کو جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں