Get Alerts

پنجاب اسمبلی: اپوزیشن ارکان کی معطلی پر حکومتی و اپوزیشن مذاکرات میں پیش رفت، مشترکہ اجلاس جلد متوقع

پنجاب اسمبلی: اپوزیشن ارکان کی معطلی پر حکومتی و اپوزیشن مذاکرات میں پیش رفت، مشترکہ اجلاس جلد متوقع

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل اراکین کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات مثبت سمت میں گامزن ہو گئے ہیں، دونوں جانب سے مفاہمت کے کئی نکات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فریقین نے مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔ یہ دوسرا سیشن تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا، جس میں آئندہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ آج کا اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا، ہماری بات چیت مثبت رہی اور ہم میٹنگ میں زیر بحث آنے والے نکات اپنی پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھیں گے۔ اُن کے مطابق، آئندہ تین سے چار دنوں میں ایک اور ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ باقی معاملات کو بھی بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اجلاس کے بعد کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ایوان کا وقار بحال ہو اور چاہے کوئی حکومتی رکن ہو یا اپوزیشن کا، سب کو یکساں عزت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو حقیقی معنوں میں عوامی ایوان بنانے کے لیے مل جل کر کام کیا جائے گا۔

اجلاس میں شریک حکومتی اور اپوزیشن نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسمبلی کی شائستہ روایات کی بحالی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں گے، اور ایوان میں بدتمیزی، شور شرابے اور ہاتھا پائی کے کلچر کو ختم کیا جائے گا۔

ٹیگز: