لاہور : پنجاب اسمبلی میں پیر کے روز ہونے والے اجلاس کے دوران ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، جب اپوزیشن اور حکومتی ارکان آپس میں الجھ پڑے۔ اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن حسان ریاض کو تھپڑ مار دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کے درمیان اسمبلی فلور پر گفتگو جاری تھی۔ دوران گفتگو خالد نثار ڈوگر اپنی نشست سے اٹھ کر اچانک حسان ریاض کی طرف بڑھے اور انہیں تھپڑ مار دیا۔
ایوان میں موجود وزیر قانون صہیب بھرتھ، عاشق کرمانی اور معین قریشی نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، تاہم صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔ حکومتی وزیر زیشان رفیق بھی ہاتھا پائی میں شامل ہو گئے، جس پر اسپیکر نے انہیں مداخلت سے روکنے کی ہدایت دی۔
ذرائع کے مطابق ہاتھا پائی کا آغاز ایک دوسرے کو آوازیں کسنے سے ہوا، جس نے بات کو جھگڑے تک پہنچا دیا۔
قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسمبلی کا اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا تاکہ ماحول کو پرسکون کیا جا سکے۔
اسمبلی میں اس واقعے کے بعد کشیدگی برقرار رہی جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کو بھی متحرک کر دیا گیا۔