دوحہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اور پاکستانی وفد نے مرحوم سابق امیر کے لیے فاتحہ خوانی کی اور قطر کی قیادت اور عوام سے اظہارِ تعزیت کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی قیادت میں قطر نے ترقی کی منازل طے کیں اور ایک جدید، مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر دنیا میں مقام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے سابق امیر قطر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں پاکستان قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تعزیت کے لیے دوحہ آمد پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔