اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے کو شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بلااشتعال اور غیر ذمہ دارانہ اقدام خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے ایران میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر فوری اور مؤثر ایکشن لیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ عالمی اثرات پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے فوری سفارتی اقدامات اور عالمی ردعمل ناگزیر ہے۔