کراچی : سندھ حکومت نے کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے شہر میں مزید الیکٹرک (EV) بسیں شامل کرنے اور ڈبل ڈیکر بسوں کی تعداد بڑھانے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔
شہریوں کو عید کا تحفہ دیتے ہوئے سینئر وزیر نے بتایا کہ شہرِ قائد میں ای وی بسوں کے نئے روٹس کا آغاز عید الفطر سے قبل کر دیا جائے گا تاکہ عوام کو خریداری اور عید کی تعطیلات میں سہولت میسر آ سکے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں بس سروس کے نئے روٹس کا آغاز عید کے فوری بعد کیا جائے گا۔
ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عید کے بعد ایک اہم معاہدہ بھی طے پائے گا۔ شرجیل میمن کے مطابق "عید کے بعد سندھ بینک، ایس ای ڈی ایف (SEDF) اور ایس ایم ٹی ای (SMTE) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے جائیں گے، جو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے راستے کھولے گا۔
سینئر وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ کا مقصد نہ صرف عوام کو سستی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ الیکٹرک بسوں کے ذریعے ماحول کو بھی آلودگی سے پاک رکھنا ہے۔ ڈبل ڈیکر بسوں کی تعداد میں اضافہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کی سفری ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔