Get Alerts

سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قدم ، لاہور سے شیخوپورہ کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز

سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قدم ، لاہور سے شیخوپورہ کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز

لاہور: حکومت پنجاب نے سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ دینے کے لیے لاہور سے شیخوپورہ تک دو ڈبل ڈیکر بسوں کی سروس شروع کر دی ہے۔ یہ بس سروس پنجاب ٹورازم اینڈ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تحت ہفتے اور اتوار کے روز چلائی جائے گی، جس کا مقصد سیاحوں کو شیخوپورہ کے تاریخی مقامات تک پہنچانا ہے۔ بس کا فی کس کرایہ 1200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

پہلے سفر میں سیاحوں کو پیر وارث شاہ کے مزار اور ہرن مینار کی سیر کرائی گئی۔ اس دوران سیاحوں نے ہرن مینار پر بوٹنگ اور سائیکلنگ کی سرگرمیاں بھی کیں، اور شیخوپورہ میں ایک خاص ہیر خوانی کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ یہ اقدام شیخوپورہ میں سیاحت کے لیے ایک نیا باب کھولتا دکھائی دیتا ہے۔

شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو سیاحت کے فروغ اور شیخوپورہ کے تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دو روزہ سیاحتی ٹور نے شیخوپورہ کے تاریخی مقامات کو نئی شناخت دی ہے، اور ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے لاہور اور دیگر اضلاع کے شہریوں میں اس علاقے کے حوالے سے دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ کو سیاحت کا مرکز بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ٹورازم صدف ظفر نے کہا کہ ہمارا مقصد مقامی معیشت کو فروغ دینا اور تاریخی ورثے کی ترویج کرنا ہے۔

ٹیگز: