Get Alerts

کراچی میں کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز، روزانہ ایک لاکھ شہری مستفید ہوں گے

کراچی میں کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز، روزانہ ایک لاکھ شہری مستفید ہوں گے

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز ہو رہا ہے، جو ملیر سے شاہراہِ فیصل تک چلائی جائے گی۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی اور روزانہ تقریباً ایک لاکھ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت نے اورنج لائن بی آر ٹی منصوبہ مکمل کیا ہے، جو ابتدا میں صرف چار کلومیٹر کے کوریڈور پر مشتمل تھا، تاہم عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اب ایک ہی کارڈ کے ذریعے اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی پر سفر ممکن ہوگا، اور دونوں سروسز کی انٹیگریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی الیکٹرک بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں اور ان کے روٹس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کرائی ہے جبکہ اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی میں بھی خواتین کے لیے سفر ممکن بنایا جا رہا ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ نئے سال پر عوام کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی اور کسی کو سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

معاشرتی رویوں کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پرتشدد رویے خطرناک ہیں اور قانون ایسے واقعات پر کارروائی کرے گا۔

انہوں نے سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا کہ خفیہ اداروں اور سندھ پولیس نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچایا، اور ایک کمسن بچی کو خودکش دھماکے کے لیے استعمال ہونے سے محفوظ کر لیا گیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ دشمن عناصر بچوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر سیکیورٹی اداروں نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کے اعلان کردہ 150 بسوں کے حوالے سے کہا کہ ان کے وعدے کے مطابق جلد بسیں فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں۔

ٹیگز: