اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیز فائر مختلف ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کی حمایت کو بھی سراہا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہو ئے انہوں نے واضح کیا کہ سیز فائر پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ حکمت عملی کی کامیابی ہے، اور اس کے بعد ڈی جی ایم اوز کے درمیان پہلا رابطہ بھی ہو چکا ہے۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور بھارت اب مزید کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرمپ کی ٹویٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے، جو ایک مثبت اشارہ ہے۔ پانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے تاحال پاکستان کا پانی بند نہیں کیا اور نہ ہی اس کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت ہے، پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
پہلگام حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افسوس اور تعاون کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے بغیر ثبوت الزام تراشی کی۔ انہوں نے کہا کہ 7 لاکھ فوج کی موجودگی کے باوجود ایسا واقعہ ہونا بھارت کی سکیورٹی ناکامی ہے۔
عطاء تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول پر ہے، اور ملک میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں۔ پاکستان نے اس جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی کامیابی واضح ہے۔